کتب بینی کی عادت انسان کی سوچ کو جِلا بخشتی ہے: مریم نواز

04-23-2026

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عالمی یومِ کتب کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کتاب لکھنے، چھاپنے، بیچنے اور پڑھنے والوں کو سلام پیش کرتی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل دور کے باوجود کتاب کی اہمیت کم نہیں ہوئی اور یہ آج بھی انسانی شعور اور فکری تربیت کا بنیادی ذریعہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک مہذب معاشرے کی تشکیل میں کتاب کا کردار کلیدی ہے، جبکہ کتب بینی کی عادت انسان کی سوچ کو جِلا بخشتی ہے اور مثبت و تعمیری فکر کو فروغ دیتی ہے۔ وزیراعلیٰ نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ مطالعے کی عادت اپنائیں تاکہ معاشرے میں شعور اور آگاہی کو فروغ مل سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب پہلی مرتبہ "موبائل لائبریری" متعارف کرا رہی ہے، جس کا مقصد عوام، خصوصاً نوجوانوں تک کتابوں کی آسان رسائی یقینی بنانا ہے۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ کتاب مختلف خیالات، تہذیبوں اور تجربات سے روشناس کراتی ہے اور مطالعہ برداشت، مکالمے اور ہم آہنگی کو فروغ دیتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ انہیں خود بھی کتاب پڑھنے کا شوق ہے اور فرصت کے لمحات میں مطالعہ کرتی ہیں۔