پاکستان انڈر 16 ٹیم پہلی بار یوئیفا ٹورنامنٹ کھیلنے کیلئے قازقستان روانہ
04-23-2026
(لاہور نیوز) پاکستان کی انڈر 16 فٹبال ٹیم پہلی مرتبہ یوئیفا ڈویلپمنٹ ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے قازقستان روانہ ہو گئی ہے، جہاں ایونٹ 24 سے 30 اپریل تک جاری رہے گا۔
پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر محسن گیلانی نے اس موقع کو پاکستانی فٹبال کے لیے ایک بڑا بریک تھرو اور تاریخی لمحہ قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں فٹبال کی ترقی کے لیے ایسے اقدامات نہایت اہم ہیں اور نوجوان کھلاڑیوں کو عالمی سطح پر کھیلنے کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔ ٹورنامنٹ میں پاکستان اپنا پہلا میچ 25 اپریل کو میزبان قازقستان کے خلاف کھیلے گا، جبکہ دوسرا مقابلہ 27 اپریل کو روس سے ہوگا۔ تیسرا اور آخری میچ 30 اپریل کو آذربائیجان کے خلاف شیڈول ہے۔ صدر پی ایف ایف کے مطابق ایسے بین الاقوامی ایونٹس نوجوان کھلاڑیوں کے لیے سیکھنے اور تجربہ حاصل کرنے کا بہترین پلیٹ فارم ثابت ہوتے ہیں، جو مستقبل میں پاکستان فٹبال کی بہتری میں اہم کردار ادا کریں گے۔