ڈی ایچ اے میں حادثہ کر کے فرار ہونے کا واقعہ، دونوں ملزمان گرفتار
04-23-2026
(لاہور نیوز) ڈی ایچ اے لاہور میں حادثہ کر کے فرار ہونے والے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز لاہور کے مطابق کارروائی کے دوران ملزمان مدثر مشتاق اور دانیال امتیاز کاظمی کو حراست میں لے لیا گیا، جبکہ واقعہ میں استعمال ہونے والی بلیک MG Car اور Honda Civic بھی تحویل میں لے لی گئی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ سیف سٹی لاہور اور ڈی ایچ اے کے کیمروں کی مدد سے گاڑیوں کی شناخت کی گئی اور ملزمان کو ٹریس کیا گیا، مزید برآں جدید ٹیکنالوجی، ایکسائز ریکارڈ اور موبائل ڈیٹا کے ذریعے بھی ملزمان تک رسائی حاصل کی گئی۔ ترجمان کے مطابق 19 اپریل کی صبح 4 بج کر 37 منٹ پر ڈی ایچ اے کے مین بلیوارڈ پر کار ریسنگ کا واقعہ پیش آیا، جہاں تیز رفتار گاڑی نے موٹر سائیکل سوار 25 سالہ فیصل رحمان کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گیا، زخمی کو فوری طور پر جنرل ہسپتال لاہور منتقل کیا گیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دونوں ملزمان آپس میں کلاس فیلو ہیں اور غیر قانونی ریسنگ میں ملوث تھے، ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا ہے کہ شہریوں کی جان کو خطرے میں ڈالنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔