پنجاب میں زرعی خوشحالی کا بڑا منصوبہ، ”اپنا کھیت، اپنا روزگار سکیم“ کا آغاز

04-23-2026

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب میں زرعی و معاشی بہتری کیلئے اہم قدم اٹھاتے ہوئے ”اپنا کھیت، اپنا روزگار سکیم“ پورٹل کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔

اس منصوبے کے تحت صوبے میں بے زمین دیہاتیوں کو تقریباً 160 ارب روپے مالیت کی زرعی اراضی فراہم کی جائے گی، جس سے ہزاروں خاندان مستفید ہوں گے۔ حکام کے مطابق پنجاب کے مختلف اضلاع میں 13,812 زرعی لاٹس کے ذریعے 88,780 خاندان فائدہ اٹھائیں گے، جبکہ چولستان میں 16,685 لاٹس سے 101,111 خاندانوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔ سکیم کے تحت ہر کامیاب امیدوار کو 25 سے 40 لاکھ روپے مالیت کی زرعی زمین کاشت کیلئے دی جائے گی، جبکہ آباد کاری کیلئے فی ایکڑ 50 ہزار سے ڈھائی لاکھ روپے تک ون ٹائم گرانٹ بھی فراہم کی جائے گی۔ منصوبے کیلئے پانی کی دستیابی اور زمین کی زرخیزی کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک لاکھ 24 ہزار ایکڑ سے زائد زرعی اراضی کی نشاندہی کی گئی ہے۔ کامیاب کاشتکاروں کو یہ زمین 10 سال کیلئے دی جائے گی۔ درخواست دینے کے خواہشمند افراد 2 سے 18 مئی تک سرکاری پورٹل کے ذریعے اپلائی کر سکیں گے، جبکہ اپیلوں کا مرحلہ یکم سے 8 جون تک جاری رہے گا۔ حتمی فہرست 19 جون کو جاری کی جائے گی اور 30 جون سے زمین کی تقسیم کا عمل شروع ہوگا۔ حکام کے مطابق ایک سے زائد درخواست دہندگان کی صورت میں قرعہ اندازی کے ذریعے انتخاب کیا جائے گا۔ زمین صرف زرعی مقاصد کیلئے استعمال ہوگی اور اس پر پختہ تعمیرات کی اجازت نہیں ہوگی۔ ہر لاٹ کے ساتھ زرعی افسر اور انٹرنی کو منسلک کیا جائے گا، جبکہ اسسٹنٹ کمشنر اور محکمہ زراعت کی ٹیم سال میں دو بار معائنہ کرکے کاشتکاری کا جائزہ لے گی۔ یہ منصوبہ دیہی معیشت کو مضبوط بنانے، بے روزگار کاشتکاروں کو مواقع فراہم کرنے اور زرعی پیداوار میں اضافے کیلئے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔