بجلی چوری کیخلاف مہم کے باوجود کروڑوں روپے کی چوری کا انکشاف
04-22-2026
(لاہور نیوز) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کی جانب سے بجلی چوری کیخلاف جاری مہم کے باوجود کروڑوں روپے کی بجلی چوری ہونے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔
ذرائع کے مطابق لیسکو کے ٹرانسمیشن سسٹم میں موجود تقریباً 150 فیڈرز کو بجلی چوری اور ہائی لاسز کی وجہ سے نشان زدہ کیا گیا ہے، ان فیڈرز میں الیون کے وی لائنز پر بجلی چوری کی شرح 20 فیصد سے زائد ریکارڈ کی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بجلی چوری پر مکمل قابو پانے کی بجائے انتظامیہ نے ہائی لاسز والے فیڈرز پر 2 سے 6 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شروع کر دیا ہے تاکہ چوری اور اوورلوڈنگ کو کسی حد تک کنٹرول کیا جا سکے۔ اطلاعات کے مطابق 150 فیڈرز سے کروڑوں روپے کی بجلی چوری کا انکشاف ہوا ہے، جس کے بعد لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی نے بعض علاقوں میں اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا شیڈول بھی نافذ کر دیا ہے۔