خواتین کے اغوا سے متعلق مقدمات کی تفصیلات لاہور ہائیکورٹ میں جمع

04-22-2026

(محمد اشفاق) آئی جی پنجاب نے خواتین کے اغوا سے متعلق مقدمات کی تفصیلات لاہور ہائیکورٹ میں جمع کروا دیں۔

رپورٹ کے مطابق پنجاب میں گزشتہ پانچ برسوں کے دوران خواتین کے اغوا سے متعلق ایک لاکھ 5 ہزار 244 کیسز رجسٹرڈ ہوئے، مقدمات کے مطابق یکم جنوری 2021 سے دسمبر 2025 کے دوران ایک لاکھ 5 ہزار 571 خواتین اغوا ہوئیں۔ 70 ہزار 773 کیسز سیکشن 365 کےتحت درج ہوئے، 1 لاکھ 5 ہزار 244 کیسز میں سے 80 ہزار 767 کیسز کینسل ہو گئے، 77 فیصد مقدمات میں مغوی خواتین نے عدالت پیش ہو کر بیان دیا کہ وہ اغوا نہیں ہوئیں۔ رپورٹ کے مطابق 77 فیصد مقدمات میں خواتین نے بیان دیا کہ وہ شادی کے لیے اپنی مرضی سے گئی تھیں، اس وقت خواتین کے اغوا سے متعلق 3 ہزار 864 کیسز زیر تفتیش ہیں، 612 خواتین کو بازیاب کروا کر رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی۔ اس وقت 3 ہزار 258 خواتین تاحال بازیاب نہیں کروائی جاسکیں، 1432 کیسز میں شکایت کنندہ نے ملزمان کو نامزد کیا جس کی تفتیش جاری ہے، اس وقت خواتین کے اغوا سے متعلق 1820 کیسز میں چیلنجز کا سامنا ہے جس کے لیے کام کر رہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ہر ضلع کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کو تفتیشی افسران کی کارکردگی جانچنے کی ہدایت کی ہے، کسی تفتیشی کی نااہلی اور نالائقی ثابت ہونے پر سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔