پولیس کو دو سال میں 527 ارب کا ریکارڈ بجٹ دیا،پھر بھی جرائم ہونا افسوسناک ہے: مریم نواز

04-22-2026

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے جرائم کی شرح میں اچانک اضافے پر نوٹس لیتے ہوئے ہنگامی اجلاس طلب کیا اور پولیس حکام سے کہا کہ 2 سال میں 527 ارب کا ریکارڈ بجٹ دیا پولیس کو ہر قسم کی مداخلت سے پاک کردیا پھر بھی جرائم کے واقعات کا ہونا افسوسناک ہے، افسران کو کارکردگی دکھانا ہوگی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے جرائم کے واقعات کی ویڈیوز خود شئیر کرکے شرکا کو دکھا کر سخت اظہار برہمی کیا اور متعلقہ پولیس افسروں سے باز پرس کی، جرائم روکنے کے لئے پیشگی اقدامات پر کام کرنے کا ہدف مقرر کیا ۔ اجلاس میں شیخوپورہ اور فیصل آباد میں جرائم کنٹرول نہ ہونے پر متعلقہ افسران کی سرزنش کی اورآرپی اوز اور ڈی پی اوز کو سی سی ڈی سے بھرپور تعاون کی ہدایت بھی دیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز سے ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جرائم کی شرح میں اچانک اضافے کا رجحان شرمناک اور فکر انگیز ہے اتنی محنت کے بعد پنجاب کو سیف سٹی اور جرائم سے پاک کیا،اب پھر سستی کی گنجائش نہیں، قتل، ڈکیتی، اغوا اور گمشدگی جیسے واقعات کا تسلسل اور بڑھنا قطعاً برداشت نہیں کیا جائے گا، گلبرگ میں گاڑی کی بیٹری چوری ہونے کی ویڈیوشرمناک ہے،منشیات کے واقعات کے اعدادو شمار دیکھ کر شرم آتی ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ سپیڈو بس کے کنڈیکٹر نے بچی کو مارا، اگر قانون کا خوف ہوتو ایسے واقعات نہیں ہوسکتے، پولیس کو من چاہا بجٹ دیا، اسلحہ، آلات اور گاڑیاں بھی دیں، پولیس کو دو سال میں مجموعی طور پر 527 ارب روپے کا ریکارڈ بجٹ دیا، پولیس کو ہر قسم کی مداخلت سے پاک کر دیا، اب ڈیلیور کرکے دکھانا ہوگا۔ اُنہوں نے کہا کہ پولیس افسروں کا فائنل انٹرویو خود کرتی ہوں امن و امان میں بہتری کے لئے سختی بھی برتیں گے۔