سی سی پی او سے تاجر وفد کی ملاقات، سکیورٹی و ٹریفک مسائل سے آگاہ کیا
04-22-2026
(لاہور نیوز) سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ سے صدر انجمن تاجران مجاہد مقصود بٹ کی قیادت میں 30 رکنی وفد نے ملاقات کی، جس میں مارکیٹوں کی سکیورٹی، ٹریفک اور پولیس سے متعلق مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
تاجر وفد نے مختلف مسائل سے آگاہ کیا جبکہ دونوں جانب سے تاجربرادری اور پولیس کے درمیان روابط اور بہتر کوآرڈینیشن کے فروغ پر زور دیا گیا، اس موقع پر صدر انجمن تاجران مجاہد مقصود بٹ نے جرائم کی روک تھام میں لاہور پولیس کے کردار کو سراہا۔ سی سی پی او لاہور نے وفد کو درپیش مسائل کے حل کی یقین دہانی کرواتے ہوئے ایس ایس پی (آپریشنز) کو ہدایت دی کہ تاجر برادری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں، ڈویژنل ایس پیز اور تاجروں کے درمیان باقاعدگی سے اجلاس منعقد کئے جائیں گے۔ بلال صدیق کمیانہ نے حکومت پنجاب کی جانب سے مقرر کردہ کاروباری اوقاتِ کار پر عملدرآمد یقینی بنانے اور اہم مارکیٹوں میں سکیورٹی گارڈز کی موجودگی کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی، انہوں نے کہا کہ مارکیٹوں میں کنٹینرز کی بروقت ان لوڈنگ کو یقینی بنایا جائے تاکہ ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔ انہوں نے واضح کیا کہ لاہور پولیس بزنس کمیونٹی کے جان و مال کے تحفظ کیلئے متحرک ہے اور شہریوں کی فوری داد رسی کو یقینی بنایا جائے گا، مزید برآں پولیس کے رویے کی نگرانی کیلئے باڈی کیم اور پینک بٹن کے استعمال کو بڑھایا جائے گا۔ سی سی پی او لاہور کا کہنا تھا کہ ان کے دفتر کے دروازے ہر وقت عوام کیلئے کھلے ہیں، جبکہ تاجر برادری نے بھی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کا اعادہ کیا۔