لاہور ایئر پورٹ پر 6 ویتنامی شہریوں کو داخلے سے روک دیا گیا
04-22-2026
(لاہور نیوز) فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے لاہور کے ہوائی اڈے پر کارروائی کرتے ہوئے 6 ویتنامی شہریوں کو ملک میں داخل ہونے سے روک دیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق مسافروں کے سفری کاغذات مشکوک پائے گئے، جبکہ ان کی جانب سے پیش کی گئی ہوٹل میں قیام کی بکنگ جعلی نکلی۔ حکام کا کہنا ہے کہ مسافروں کو اپنی منزل اور قیام سے متعلق مکمل معلومات بھی حاصل نہیں تھیں، جس پر شبہ مزید بڑھ گیا۔ مزید جانچ کے دوران مسافروں کے موبائل فونز کا معائنہ کیا گیا، جہاں تمام پیغامات حذف شدہ پائے گئے۔ ابتدائی تفتیش میں یہ بھی سامنے آیا کہ ان افراد کا سفری ریکارڈ انتہائی محدود تھا اور صرف کمبوڈیا کے سفر کا اندراج موجود تھا۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق مسافروں پر غیر قانونی سرگرمیوں، خصوصاً لوگوں کو دھوکہ دہی کے جال میں پھنسانے والے گروہوں سے تعلق کا شبہ ہے۔ بروقت کارروائی کرتے ہوئے تمام افراد کو واپس بھیج دیا گیا۔