پاک بحریہ کا فضا سے سطح سمندر پر مار کرنے والے تیمور کروز میزائل کا کامیاب تجربہ

04-21-2026

(لاہور نیوز) پاک بحریہ نے مقامی طور پر تیار کردہ فضا سے سطح سمندر پر مار کرنے والے کروز میزائل تیمور کا کامیاب تجربہ کر لیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کامیاب میزائل فائرنگ پاک بحریہ کی سمندر میں درست نشانہ لگانے اور آپریشنل تیاری کا عملی مظاہرہ ہے، فضا سے سمندر پر فائر کئے گئے میزائل نے انتہائی درستگی کے ساتھ اپنے ہدف کو نشانہ بنایا۔ اس کامیاب تجربے سے پاک بحریہ کی سمندر میں اپنے اہداف کی طویل فاصلے پر نشاندہی کر کے تباہ کرنے کی صلاحیت کی توثیق ہوتی ہے، کروز میزائل تیمور کو کامیابی سے چلانے کا مظاہرہ قومی دفاعی صلاحیت میں ایک اہم اضافہ ہے۔ پاک بحریہ قومی بحری مفادات اور سمندری حدود کے دفاع کے لیے پرعزم ہے، فضا سے سطح سمندر پر مار کرنے والے میزائل کی کامیاب فائرنگ سے مسلح افواج کی کثیرالجہتی مربوط دفاعی صلاحیتوں کو تقویت ملی ہے۔ صدر آصف علی زر داری و وزیراعظم شہباز شریف، چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر اور سروسز چیفس ایئر چیف ظہیر احمد بابر سدھو اور امیر البحر ایڈمرل نوید اشرف نے سائنسدانوں اور انجینئرز کو اس اہم سنگِ میل کے حصول پر مبارکباد پیش کی۔