لاہور ہائیکورٹ: ٹریفک وارڈنز کے چالان کوٹہ سسٹم کیخلاف درخواست دائر
04-21-2026
(لاہورنیوز) لاہور ہائیکورٹ میں ٹریفک وارڈنز کو روزانہ 25 چالان کا ہدف دینے کیخلاف درخواست دائر کر دی گئی۔
درخواست شہری کی جانب سے دائر کی گئی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ٹریفک چالان کو ایک ریونیو مہم میں تبدیل کیا جا رہا ہے، جو شہریوں کے بنیادی حقوق کے منافی ہے۔ درخواست گزار کے مطابق روزانہ چالان کا کوٹہ سسٹم اختیارات کے ناجائز استعمال کے مترادف ہے اور اس سے ٹریفک پولیس کو ایک وصولی کے ادارے میں تبدیل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، بغیر کسی خلاف ورزی کے چالان کرنا ناقابلِ قبول ہے اور اس پالیسی سے جھوٹے اور بلاجواز جرمانوں کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔ درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ نظام شہریوں کے ساتھ ناانصافی کا باعث بن سکتا ہے اور اس سے سڑکوں پر ٹریفک نظم و ضبط کے بجائے دباؤ بڑھنے کا امکان ہے۔ عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ ٹریفک پولیس میں کوٹہ سسٹم کو فوری طور پر روکنے کا حکم دیا جائے اور اس حوالے سے جاری تمام نوٹیفکیشنز اور احکامات طلب کیے جائیں۔