مہلک بیماریوں سے بچاؤ کیلئے عوامی آگاہی مہم چلانے کا فیصلہ

04-21-2026

(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے مہلک اور وبائی بیماریوں سے بچاؤ کیلئے صوبہ بھر میں عوامی آگاہی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

وزیراعلیٰ کی زیر صدارت ایک خصوصی اجلاس میں “چیف منسٹر پنجاب ڈیزیز پریوینشن پروگرام” کی اصولی منظوری دے دی گئی، اجلاس میں سیکرٹری ہیلتھ اینڈ پاپولیشن نادیہ ثاقب  نے مجوزہ پروگرام پر تفصیلی بریفنگ دی۔ حکام کے مطابق اس پروگرام کے تحت ذیابیطس، ٹی بی، ایڈز اور ہیپاٹائٹس سمیت مختلف مہلک بیماریوں سے بچاؤ اور علاج سے متعلق عوام کو آگاہی فراہم کی جائے گی، مہم کا مقصد شہریوں میں بیماریوں کی ابتدائی علامات سے متعلق شعور بیدار کرنا اور بروقت تشخیص کو فروغ دینا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہدایت کی کہ سرکاری ہسپتالوں میں وبائی اور تیزی سے پھیلنے والے امراض سے بچاؤ کیلئے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے، جبکہ ہیلتھ کیئر کمیشن کو نجی ہسپتالوں اور کلینکس میں بھی ان ایس او پیز کی مؤثر مانیٹرنگ کا ٹاسک سونپا گیا ہے۔ انہوں نے صوبے بھر میں عطائی کلینکس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو معیاری اور محفوظ طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔