جعلی الیکٹرک اپلائنسز بنانے والوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ

04-21-2026

(لاہور نیوز) محکمہ توانائی پنجاب نے جعلی اور ناقص الیکٹرک اپلائنسز تیار اور فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کر لیا۔

صوبائی وزیر توانائی فیصل ایوب کھوکھر  نے متعلقہ حکام کو فوری کریک ڈاؤن کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ انڈسٹری ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ مل کر مشترکہ حکمت عملی تیار کی جائے تاکہ غیر معیاری مصنوعات کے خلاف مؤثر کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے بھر میں صارفین کے حقوق کا مکمل تحفظ یقینی بنایا جائے گا اور مارکیٹ میں صرف تصدیق شدہ اور معیاری الیکٹرک مصنوعات کی فروخت کی اجازت ہو گی۔ صوبائی وزیر  نے ہدایت کی کہ تمام کمپنیوں کو حفاظتی اور کوالٹی سٹینڈرڈز پر سختی سے عملدرآمد کا پابند بنایا جائے، جبکہ صارفین کو دھوکہ دینے والے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔ فیصل ایوب کھوکھر کا کہنا تھا کہ عوام میں شعور اجاگر کرنے کیلئے آگاہی مہم بھی شروع کی جائے گی تاکہ شہری معیاری مصنوعات کا انتخاب کر سکیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ غیر معیاری مصنوعات فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی اور پنجاب بھر میں ایک شفاف اور محفوظ مارکیٹ کے قیام کو یقینی بنایا جائے گا۔