پنجاب کے کم آمدن افراد کو گھروں کی تعمیر کیلئے بلاسود قرضے فراہم
04-21-2026
(لاہور نیوز) اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کے تحت پنجاب میں ہزاروں خاندانوں کے گھر کے خواب حقیقت کا روپ دھارنے لگے۔
وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ بلال یاسین نے بتایا کہ اب تک صوبے بھر میں 191 ارب روپے سے زائد کے بلاسود قرضے جاری کئے جا چکے ہیں، جن سے 1 لاکھ 35 ہزار 410 خاندان مستفید ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پروگرام کے تحت 91 ہزار سے زائد گھروں کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے، جو ایک ریکارڈ پیش رفت ہے، جبکہ مزید 42 ہزار گھر زیر تعمیر ہیں اور انہیں بھی رواں مالی سال کے دوران مکمل کر لیا جائے گا۔ وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین کا کہنا تھا کہ کم آمدن والے افراد کیلئے اپنی چھت کا خواب اب حقیقت بن چکا ہے، اور حکومت اس پروگرام کو مزید وسعت دینے کیلئے پرعزم ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق اب تک 11 لاکھ 76 ہزار سے زائد افراد اس پروگرام کے تحت قرض کے حصول کیلئے درخواستیں جمع کروا چکے ہیں، جو عوام کے بھرپور اعتماد کا مظہر ہے۔