سبزیوں و پھلوں کی من مانے ریٹس پر فروخت،سرکاری نرخنامہ نظرانداز
04-21-2026
(لاہور نیوز) شہر میں سبزیوں اور پھلوں کی سرکاری قیمتوں اور اوپن مارکیٹ ریٹس کے درمیان نمایاں فرق برقرار ہے، جس پر شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
مارکیٹ سروے کے مطابق متعدد اشیائے خورونوش سرکاری نرخوں سے کہیں زیادہ قیمت پر فروخت کی جا رہی ہیں۔ نیا کچا آلو درجہ اول 20 روپے کے بجائے 40 روپے فی کلو، پیاز 50 کے بجائے 80 روپے جبکہ ٹماٹر 70 روپے کی سرکاری قیمت کے مقابلے میں 100 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔ اسی طرح کریلا 110 روپے کے بجائے 180 روپے، مٹر 170 کے بجائے 200 روپے، شملہ مرچ 65 کے بجائے 150 روپے اور سبز مرچ 100 کے بجائے 120 روپے فی کلو فروخت کی جا رہی ہے۔ بند گوبھی 45 کے بجائے 80 روپے جبکہ پھول گوبھی 115 کے بجائے 150 روپے فی کلو میں دستیاب ہے۔ ذرائع کے مطابق بیشتر سبزیوں کی قیمتوں میں 20 سے 30 روپے فی کلو تک اضافہ کر کے فروخت کیا جا رہا ہے، جبکہ پھلوں کی قیمتوں میں بھی 50 روپے تک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ سیب، کیلا اور امرود بھی مہنگے داموں فروخت ہو رہے ہیں۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس سرکاری نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنائیں اور گرانفروشی کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔