رائیونڈ میں نوجوان پر تشدد، زبردستی چیک پر دستخط بھی کروائے گئے
04-21-2026
(لاہور نیوز) رائیونڈ کے علاقے میں ایک نوجوان پر مبینہ بہیمانہ تشدد کا واقعہ سامنے آیا۔
تفصیلات کے مطابق ملزمان نے نوجوان کو ایک جم میں لے جا کر نہ صرف تشدد کا نشانہ بنایا بلکہ اسے مرغا بنا کر انسانیت سوز سلوک بھی کیا، ویڈیو میں ملزمان کی جانب سے غلیظ زبان کا استعمال بھی سنا جا سکتا ہے، جس سے ان کی شناخت میں مدد ملنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ متاثرہ نوجوان کے مطابق ملزمان نے اس کا موبائل فون بھی توڑ دیا اور زبردستی چیک پر دستخط کروائے، ابتدائی اطلاعات کے مطابق نوجوان نے جم چھوڑ کر اپنا ذاتی کام شروع کیا تھا، جس پر مبینہ طور پر جم مالکان نے اسے نشانہ بنایا اور ویڈیو بنا کر اسے ذلیل کرنے کی کوشش کی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان کی جانب سے نوجوان کو ہراساں کرنے کیلئے بال کاٹنے جیسی دھمکیاں بھی دی گئیں۔ پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متاثرہ شہری کی درخواست پر مقدمہ درج کر لیا ہے، رائیونڈ پولیس کے مطابق کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ واقعے کے بعد شہر میں قانون کی عملداری پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں، جبکہ شہریوں نے عدم تحفظ کے احساس کا اظہار کرتے ہوئے حکام سے فوری اور سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔