وزیراعلی لوکل روڈ پروگرام، دیہات کی رابطہ شاہراہوں کی بحالی تیز

04-21-2026

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب کے "لوکل روڈ پروگرام" پر عملدرآمد کی رفتار میں نمایاں تیزی آ گئی، جس کے تحت صوبے بھر میں دیہی رابطہ سڑکوں کی تعمیر و بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے۔

اس حوالے سے صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو راجہ جہانگیر انور، اسپیشل سیکرٹری، ایڈیشنل سیکرٹری، چیف انجینئرز اور دیگر افسران نے آن لائن شرکت کی۔ اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ لوکل روڈ پروگرام کے تحت سڑکوں پر کام شروع کرنے کی رفتار میں 202.48 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، ایک ہفتے کے دوران جاری سکیموں کی تعداد 444 سے بڑھ کر 1343 تک پہنچ گئی ہے۔ صوبائی وزیر کے مطابق اس پروگرام کے تحت 1530 دیہات کی رابطہ شاہراہوں کی بحالی کی جا رہی ہے، جبکہ مجموعی طور پر 3301 کلومیٹر طویل سڑکوں پر کام جاری ہے، اب تک منصوبے کی مجموعی فزیکل پراگرس 26.13 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔ ملک صہیب احمد بھرتھ  نے باقی ماندہ 187 شاہراہوں پر جلد از جلد کام شروع کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ منصوبے کو جون تک مکمل کیا جائے، تعمیراتی کام میں اعلیٰ معیار کے مواد کے استعمال کو یقینی بنایا جائے اور کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، بصورت دیگر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔