برائلر گوشت کے نرخ بڑھ گئے، قیمت 555 روپے کلو مقرر

04-21-2026

(لاہور نیوز) پولٹری مصنوعات کی قیمتیں ایک بار پھر عدم استحکام کا شکار ہو گئی ہیں، جس کے باعث شہریوں کو مہنگائی کے نئے بوجھ کا سامنا ہے۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق برائلر مرغی کے نرخوں میں حالیہ دنوں کے دوران نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، صرف تین روز میں برائلر کی قیمت میں مجموعی طور پر 21 روپے فی کلو تک اضافہ ہو چکا ہے، جبکہ تازہ اضافہ 7 روپے فی کلو بتایا جا رہا ہے۔ سرکاری طور پر برائلر گوشت کی قیمت 555 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے، تاہم مختلف علاقوں میں صافی گوشت 620 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے، جس پر شہریوں  نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ دوسری جانب زندہ برائلر کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، فارم گیٹ ریٹ 355 روپے فی کلو مقرر کیا گیا ہے، جبکہ ہول سیل میں یہ 369 روپے فی کلو تک پہنچ چکا ہے، پرچون سطح پر زندہ برائلر 383 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔ انڈوں کی قیمت میں بھی معمولی اضافہ سامنے آیا ہے، فی درجن انڈوں کی قیمت میں 1 روپے اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 246 روپے فی درجن برقرار ہے، ہول سیل مارکیٹ میں انڈوں کی پیٹی 7 ہزار 260 روپے میں فروخت کی جا رہی ہے۔