عدالتی نظام میں ڈیجیٹل اصلاحات، ویڈیو لنک سے 20 مقدمات کی سماعت

04-20-2026

(لاہور نیوز) عدالتی نظام میں ڈیجیٹل اصلاحات کے مثبت نتائج آنے لگے، اعلامیہ سپریم کورٹ کے مطابق ویڈیو لنک کے ذریعے 20 مقدمات نمٹا دیئے گئے۔

اعلامیہ کے مطابق جسٹس عائشہ اے ملک لاہور سے ویڈیو لنک پر بینچ میں شامل رہیں، لاہور رجسٹری میں ہنگامی صورتحال رہی مگر سماعتیں متاثر نہ ہوئیں، اعلامیہ میں کہا گیا کہ جدید ٹیکنالوجی کے باعث عدالتی کارروائی بغیر رکاوٹ جاری رہی، 28 میں سے 20 کیسز نمٹا دیے گئے۔ اعلامیہ سپریم کورٹ کے مطابق غیر متوقع حالات میں بھی عدلیہ متحرک ہے، چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے وکلا، عملے اور آئی ٹی ٹیم کی تعریف کی۔ سپریم کورٹ کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ آئی ٹی ٹیموں کی بروقت کاوشوں سے ویڈیو لنک سماعت ممکن ہوئی، یہ جدید اور مؤثر عدالتی نظام کی جانب اہم پیش رفت ہے، سپریم کورٹ نے ڈیجیٹل صلاحیتیں مزید بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔