عوامی خدمت ہماری سیاست کا محور، کارکردگی سے اعتماد حاصل ہو رہا ہے: عظمیٰ بخاری

04-20-2026

(لاہور نیوز) وزیرِ اطلاعات ونشریات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ عوامی خدمت ہماری سیاست کا محور ہے، کارکردگی سے ہی اعتماد حاصل ہو رہا ہے۔

پنجاب کے ضلع شیخوپورہ کے ڈپٹی کمشنر آفس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن مجبوری کے حالات میں لگایا گیا، حالات بہتر ہوتے ہی ختم کر دیا جائے گا، دنیا بھر میں اور بھارت میں بھی حالات خراب ہوئے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ توانائی بحران کے باعث لوڈ شیڈنگ شروع ہوئی، جلد ختم ہو جائے گی، پاکستان میں حکومتی حکمت عملی کے باعث کسی چیز کی کمی نہیں، 45 ارب روپے سے زائد کے ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے، پنجاب کے ہر شہر اور قصبے میں یکساں طور پر ترقیاتی کام ہورہے ہیں۔ وزیر اطلاعات و نشریات پنجاب کا کہنا تھا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی کے نظام میں بہتری لائی جا رہی ہے، پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت سڑکیں، سیوریج، واٹر ٹینک اور کھیلوں کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ بیوٹیفکیشن منصوبوں سے شہر کا نقشہ بدل جائے گا، بازاروں کے کام جلد مکمل ہوں گے،ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی، شیخوپورہ کےلیے45ارب کےفنڈزجاری ہوچکےہیں، میڈیا مثبت کاموں کو اجاگر کرے اور تجاویز بھی دے۔ اُن کا کہنا تھا کہ جرائم کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے، پولیس کی کارکردگی قابل تعریف ہے، منشیات کے خلاف مزید سخت اقدامات کیے جائیں گے، مسلم لیگ (ن) عوام کی فلاح وبہبود کے لیےکوشاں ہے۔ وزیر اطلاعات و نشریات پنجاب نے کہا کہ مثالی گاؤں پروگرام کے تحت دیہات میں بنیادی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، 10 روز میں گرین بس سروس شیخوپورہ پہنچ جائے گی، گرین بس میں طلبہ، خواتین اور بزرگوں کے لیے خصوصی سہولیات ہوں گی۔ عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ شیخوپورہ: ترقیاتی کاموں کے دوران سیفٹی اقدامات یقینی بنائے جائیں گے، وزیر اعلیٰ مریم نواز کا ویژن پورے پنجاب میں یکساں ترقی ہے، عوامی خدمت ہماری سیاست کا محور ہے، کارکردگی سے ہی اعتماد حاصل کیا جا سکتا ہے، ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت کویقینی بنا رہے ہیں۔