ڈیفنس سی: چھریوں کے وار سے نوجوان کو قتل کرنیوالے ملزمان گرفتار
04-19-2026
(لاہور نیوز) ڈیفنس سی کے علاقے میں معمولی تنازع پر چھریوں کے وار سے ہونے والے قتل کے واقعہ میں پولیس نے فوری اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق جھگڑا کوڑا کرکٹ پھینکنے کے معاملے پر شروع ہوا جو شدت اختیار کر گیا۔ ملزمان نے طیش میں آ کر نوجوان شہری پر چھریوں سے وار کیے، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا، جبکہ ملزمان واردات کے بعد فرار ہو گئے تھے۔ ایس پی انویسٹی گیشن کینٹ کی نگرانی میں پولیس ٹیموں نے جدید تفتیشی طریقوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ملزمان کا سراغ لگا کر انہیں گرفتار کیا، جن میں دو سگے بھائی بھی شامل ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف مضبوط شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں تاکہ انہیں قانون کے مطابق سخت سزا دلوائی جا سکے۔ پولیس نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔