پولیو مہم: 22 لاکھ سے زائد بچوں کو قطرے، سخت مانیٹرنگ کا حکم

04-19-2026

(لاہور نیوز) معاون خصوصی وزیراعلیٰ برائے انسداد پولیو عظمیٰ کاردار اور ڈپٹی کمشنر محمد علی اعجاز کی زیر صدارت اجلاس میں پولیو مہم کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا، جس میں اے ڈی سی جی، سی ای او ہیلتھ، تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور ڈی ڈی ایچ اوز نے شرکت کی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ مہم کے چھٹے روز ایڈمن کوریج میں 22 لاکھ 54 ہزار سے زائد بچوں کو کور کر لیا گیا، جبکہ انسداد پولیو ٹیموں نے 15 لاکھ 71 ہزار 138 گھروں میں جا کر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے۔ ڈپٹی کمشنر محمد علی اعجاز نے بتایا کہ پہلے کیچ اپ ڈے پر مسڈ بچوں کی ٹریسنگ کی گئی، جبکہ دوسرے کیچ اپ ڈے پر بھی فیلڈ سرویلینس جاری رکھی جائے گی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ڈبلیو ایچ او نے کوریج کو تسلی بخش قرار دیا ہے اور فیلڈ سٹاف مکمل طور پر متحرک ہے۔ ڈی ڈی ایچ اوز کی کارکردگی کو سراہا گیا جبکہ سپروائزرز کی فیلڈ میں مؤثر موجودگی کو بھی سراہا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ مہم کا بینچ مارک ہر صورت حاصل کیا جائے اور تمام اسسٹنٹ کمشنرز روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ یقینی بنائیں۔ انہوں نے زور دیا کہ مہم کو ہر صورت کامیاب بنایا جائے اور حقیقی ڈیٹا کی رپورٹنگ کو یقینی بنایا جائے۔ معاون خصوصی عظمیٰ کاردار نے واضح کیا کہ بینچ مارک اہداف ہر صورت حاصل کیے جائیں گے اور ناکامی کی صورت میں متعلقہ افسران سے جوابدہی ہوگی۔ انہوں نے ڈی ڈی ایچ اوز کو ہدایت دی کہ فیلڈ میں سخت مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے۔ ڈپٹی کمشنر محمد علی اعجاز نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پانچ سال سے کم عمر کوئی بھی بچہ پولیو ویکسین سے محروم نہیں رہے گا۔