نوازشریف اورمریم نواز کی زیرصدارت اجلاس، مری اور کوٹلی ستیاں کیلئے اہم منصوبوں کی منظوری

04-19-2026

(لاہور نیوز) مسلم لیگ ن کے سربراہ نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں مری اور کوٹلی ستیاں کی ترقی، بحالی اور سیاحت کے فروغ کے لیے متعدد اہم منصوبوں کی منظوری دے دی گئی۔

اجلاس میں کوٹلی ستیاں میں پنجاب کا پہلا اسکائی گلاس برج بنانے کی اصولی منظوری دی گئی جبکہ سیاحت کے فروغ کے لیے اسے ایک منفرد مقام بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ مری میں لینڈ سلائیڈنگ کے سدباب کے لیے عالمی ماہرین کی خدمات حاصل کرنے اور مڈ فلو ڈاؤن ہل ایفیکٹ کے خاتمے کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کی گئی۔ چٹا موڑ، دریا گلی، بانسرہ گلی، نمل، جھیکا گلی اور دیگر متاثرہ علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ افراد کی بحالی اور امداد کے اقدامات کا حکم بھی دیا گیا۔ اجلاس میں مری میں تین نئے ہاسپیٹلٹی زونز قائم کرنے کی منظوری دی گئی، جو شوالہ، سوزو اور برروری میں بنائے جائیں گے۔ ان زونز میں نجی شعبے کے اشتراک سے 5 اسٹار معیار کے ہوٹل قائم کیے جائیں گے۔ مری بحالی پراجیکٹ کے لیے ماہرین کی ٹیم تشکیل دینے اور تجاوزات کے باعث گرائی گئی عمارتوں کا ملبہ فوری ہٹانے کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔ مری ریچ بل روڈ سمیت دیگر سڑکوں کو 10 فٹ تک وسیع کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ مری گلاس ٹرین پراجیکٹ کے تعمیراتی کام کے آغاز کے لیے ایک ماہ کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی۔ اجلاس میں مری تحفظ و بحالی پلان پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ خصوصی اجلاس میں تین نئے پارکس کے قیام کا بھی جائزہ لیا گیا جن میں انگوری روڈ پارک، ایم آئی ٹی پارک اور اریاڑی پارک کوٹلی ستیاں شامل ہیں۔ بانسرہ گلی میں زولوجیکل گارڈن، مری زولوجیکل گارڈن ایکو زون، برج کراسنگ اور جدید کانفرنس روم کے قیام کی بھی منظوری دی گئی۔ وائلڈ لائف کے تحفظ کے لیے بیئر ہاؤس، ٹائیگر ہاؤس اور برڈ ایویری قائم کیے جائیں گے جبکہ سیاحوں کی توجہ کے لیے چیوڑاہل میں مری کا پہلا اسٹیٹ آف دی آرٹ گلیمپنگ پوڈ ولیج قائم کیا جائے گا، جس کا انتظام نجی شعبے کے سپرد کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔ چیوڑا میں پیراگلائیڈنگ کلب پراجیکٹ کی باقاعدہ منظوری بھی دی گئی۔ اجلاس میں کوٹلی ستیاں چیئر لفٹ پراجیکٹ، پنجاب ہاؤس، فارسٹ ریسٹ ہاؤس اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ضلع مری میں دریائے جہلم سے بلک واٹر سپلائی سکیم کی فزیبلٹی رپورٹ 30 اپریل تک مکمل کرنے کا حکم دیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ مری اور کوٹلی ستیاں میں 1876 گھروں میں رین واٹر ہارویسٹنگ سسٹم کامیابی سے جاری ہے جس سے خواتین اور بچوں کو دور سے پانی لانے کی مشقت سے نجات ملے گی۔ دھار جاوا اور ڈونگا گلی میں واٹر سپلائی سکیم مکمل ہو چکی ہے۔ اجلاس میں پنجاب میں پہلے فیسلیٹی مینجمنٹ یونٹ کے قیام کی اصولی منظوری دی گئی اور سیکرٹری تعمیرات و مواصلات راجہ جہانگیر انور سے اس حوالے سے تفصیلی پلان طلب کر لیا گیا۔ یہ یونٹ صوبہ بھر میں پنجاب ہاؤسز اور دیگر عمارتوں کی تعمیر، مرمت اور مینجمنٹ کے امور سنبھالے گا۔