لاہور سے روٹ ٹو مکہ کی پہلی حج پرواز مدینہ منورہ روانہ
04-18-2026
(لاہور نیوز) لاہور سے روٹ ٹو مکہ پراجیکٹ کے تحت پہلی حج پرواز 345 عازمینِ حج کو لے کر مدینہ منورہ روانہ ہو گئی۔
سعودی ایئرلائن کی پرواز SV5735 صبح ساڑھے دس بجے لاہور ایئرپورٹ سے روانہ ہوئی، عازمینِ حج کو رخصت کرنے کیلئے وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف، صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق، صوبائی وزیر خزانہ میاں مجتبیٰ شجاع الرحمان، پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی، وفاقی سیکرٹری مذہبی امور ابرار احمد مرزا اور روٹ ٹو مکہ پراجیکٹ کے سربراہ میجر جنرل ڈاکٹر صالح بن سعد المیرابا بھی موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف اور دیگر مقررین نے عازمینِ حج کیلئے بہترین سہولیات کی فراہمی پر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان، سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق بن ربیعہ اور سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ لاہور سے روانہ ہونے والے عازمینِ حج نے بھی حکومت پاکستان کی جانب سے کئے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔