جنوبی چھاونی کے علاقے میں چھریوں کے وار سے نوجوان زخمی

04-18-2026

(لاہور نیوز) جنوبی چھاونی کے علاقے میں جھگڑے کے دوران چھریوں کے وار سے ایک نوجوان شدید زخمی ہو گیا۔

پولیس کے مطابق بھٹہ چوک کے رہائشی نوجوان کا اویس اور اس کے ساتھیوں کے ساتھ جھگڑا ہوا، جو بعد ازاں پرتشدد تصادم میں تبدیل ہو گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم اویس اور اس کے دوستوں نے عاصم مسیح پر چھریوں سے حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں وہ جسم کے چار مختلف مقامات پر زخمی ہو گیا، زخمی نوجوان کو فوری طور پر طبی امداد کیلئے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں اسے علاج فراہم کیا جا رہا ہے۔ واقعے کے بعد ملزم اویس اپنے چار نامعلوم ساتھیوں سمیت موقع سے فرار ہو گیا، پولیس  نے زخمی عاصم مسیح کے بھائی کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کیلئے انویسٹی گیشن ونگ کی خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے، جبکہ مفرور ملزمان کی تلاش کیلئے مختلف مقامات پر چھاپے بھی مارے جا رہے ہیں۔