جان لیوا حادثات میں ملوث ڈرائیورز کے لائسنس منسوخ کرنے کاحکم
04-17-2026
(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت میں بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات اور شہریوں کی جانوں کے تحفظ کے پیش نظر ڈی آئی جی ٹریفک نے سخت اقدامات پر مبنی مراسلہ جاری کر دیا ہے۔
مراسلے میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی ہدایت کی گئی ہے۔ ڈی آئی جی ٹریفک کے مطابق جان لیوا حادثات میں ملوث ڈرائیورز کے ڈرائیونگ لائسنس فوری طور پر منسوخ کیے جائیں گے جبکہ بغیر لائسنس گاڑی چلانے اور حادثات میں ملوث افراد کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں گے۔ مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ جن علاقوں میں بار بار حادثات رپورٹ ہو رہے ہیں وہاں اضافی ٹریفک نفری تعینات کی جائے گی تاکہ صورتحال پر قابو پایا جا سکے۔ ون وے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے گاڑیاں بند اور بھاری چالان کیے جائیں گے۔ اسی طرح ہیلمٹ نہ پہننے، سیٹ بیلٹ استعمال نہ کرنے اور دورانِ ڈرائیونگ موبائل فون استعمال کرنے والوں کے خلاف بھی سخت کریک ڈاؤن کی ہدایت کی گئی ہے۔ ڈی آئی جی ٹریفک نے تمام ضلعی افسران کو ہدایت کی ہے کہ لین ڈسپلن کو یقینی بنایا جائے تاکہ ٹریفک کی روانی بہتر ہو اور حادثات میں کمی لائی جا سکے۔