لاہور بورڈ کے تحت نویں جماعت کے امتحانات، سکیورٹی کے سخت انتظامات
04-17-2026
(لاہور نیوز) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن لاہور کے تحت نویں جماعت کے پہلے سالانہ امتحانات کا آغاز ہو گیا جس میں لاکھوں طلبہ و طالبات شریک ہیں۔
امتحانات کے پہلے روز پانچ مضامین کے پرچے لئے جا رہے ہیں جن میں معاشیات، آرٹ اینڈ ماڈل ڈرائنگ، ماحولیاتی مطالعہ، ٹیکنیکل مضامین اور فزیکل ہائجین شامل ہیں۔ امتحانات میں مجموعی طور پر 2 لاکھ 87 ہزار 575 امیدوار شرکت کر رہے ہیں، جن میں 1 لاکھ 52 ہزار 273 طالبات اور 1 لاکھ 35 ہزار طلبہ شامل ہیں، اسی طرح 1 لاکھ 84 ہزار ریگولر جبکہ 1 لاکھ 3 ہزار پرائیویٹ امیدوار بھی امتحان دے رہے ہیں۔ امتحانی عمل کیلئے صوبے بھر میں 880 امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں، حکام کے مطابق تمام امتحانی مراکز میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے، جس کے تحت کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو امتحانی مرکز میں داخلے کی اجازت نہیں ہو گی۔ سکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے کیلئے 26 حساس امتحانی مراکز کی نگرانی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے کی جا رہی ہے تاکہ شفاف اور منصفانہ امتحانی عمل کو یقینی بنایا جا سکے۔