انسداد پولیو مہم، 1 کروڑ 69 لاکھ بچوں کو قطرے پلائے گئے

04-17-2026

(لاہور نیوز) صوبہ پنجاب کے 35 اضلاع میں انسداد پولیو مہم کا کامیابی سے اختتام ہو گیا، جبکہ لاہور میں مہم تاحال جاری ہے۔

انسداد پولیو پروگرام کے سربراہ عدیل تصور کے مطابق چار روز کے دوران ایک کروڑ 69 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے، خصوصی طور پر متحرک اور مہاجر آبادیوں میں 5 لاکھ 35 ہزار بچوں کو بھی ویکسین دی گئی۔ شہر لاہور میں اب تک 12 لاکھ 3 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو ویکسین دی جا چکی ہے، جبکہ راولپنڈی میں 7 لاکھ 26 ہزار اور ملتان میں 7 لاکھ 61 ہزار بچوں کو قطرے پلائے گئے۔ عدیل تصور کے مطابق لاہور میں انسداد پولیو مہم پانچویں روز میں داخل ہو چکی ہے اور یہ مہم اتوار تک جاری رہے گی، جبکہ دیگر اضلاع میں مہم مکمل ہو چکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 35 اضلاع سے ڈیٹا موصول ہونا شروع ہو گیا ہے، جس کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا، ویکسینیشن سے محروم رہ جانے والے بچوں (مسڈ کیسز) کے اعداد و شمار کا بھی بغور تجزیہ کیا جائے گا تاکہ اضلاع کی کارکردگی کو جانچا جا سکے۔ عدیل تصور  نے کہا کہ پولیو ورکرز  نے انتہائی محنت اور لگن سے مہم کو کامیاب بنایا، جن کی کاوشیں قابلِ ستائش ہیں، پولیو کے خاتمے کی کوششوں کو مزید مؤثر بنایا جائے گا اور 2026 میں زیرو پولیو کا ہدف حاصل کیا جائے گا۔