آئی جی پنجاب کی کانسٹیبل طیب گوہر سے ملاقات، بین الاقوامی کامیابیوں پر خراج تحسین

04-17-2026

(لاہور نیوز) انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس عبدالکریم نے گجرات پولیس کے کانسٹیبل اور انٹرنیشنل ایتھلیٹ طیب گوہر سے ملاقات کی اور انہیں حالیہ بین الاقوامی کامیابیوں پر شاباش دی۔

آئی جی پنجاب نے طیب گوہر کو تھائی لینڈ میں منعقدہ دوڑ کے مقابلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے پر سی سی ون سرٹیفکیٹ سے بھی نوازا، اس موقع پر عبدالکریم کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس کے ایتھلیٹس قومی، صوبائی اور بین الاقوامی سطح پر مسلسل کامیابیاں حاصل کر رہے ہیں، جو ادارے کیلئے باعثِ فخر ہیں۔ انہوں  نے کہا کہ طیب گوہر  نے اپنی بہترین کارکردگی سے نہ صرف پنجاب پولیس بلکہ پاکستان کا نام بھی روشن کیا ہے، آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ پولیس کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور سرپرستی کیلئے بھرپور اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق کانسٹیبل طیب گوہر  نے تھائی لینڈ کے شہر بنکاک میں منعقدہ منی میراتھن میں 3 کلومیٹر، 5 کلومیٹر اور 10 کلومیٹر کی کیٹیگریز میں گولڈ میڈلز حاصل کئے، اس مقابلے میں دنیا بھر سے 1500 ایتھلیٹس نے شرکت کی۔ ترجمان کے مطابق طیب گوہر اس سے قبل دبئی میں ہونے والے مقابلوں میں بھی 3 اور 5 کلومیٹر کی دوڑ میں گولڈ میڈل جیت چکے ہیں، وہ 2015 سے نیشنل پولیس گیمز میں دوڑ کے مقابلوں میں ناقابل شکست ہیں۔ طیب گوہر  نے ایم اے سیاسیات کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے اور انہوں  نے 2015 میں محکمہ پولیس میں شمولیت اختیار کی تھی۔