برائلر گوشت کے نرخ میں کمی، قیمت 533 روپے کلو مقرر
04-17-2026
(لاہور نیوز) پولٹری مصنوعات کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
تازہ اعداد و شمار کے مطابق برائلر کے نرخ میں 7 روپے فی کلو کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد برائلر گوشت کی سرکاری قیمت 533 روپے فی کلو مقرر کر دی گئی ہے، تاہم بازار میں صافی گوشت 580 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔ زندہ برائلر کی قیمت میں بھی 5 روپے کمی کی گئی ہے، فارم گیٹ پر زندہ برائلر کی قیمت 340 روپے فی کلو مقرر ہے، جبکہ ہول سیل مارکیٹ میں یہ 354 روپے فی کلو میں دستیاب ہے، پرچون سطح پر زندہ برائلر 369 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔ دوسری جانب انڈوں کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، فی درجن انڈوں کی قیمت میں 3 روپے اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد قیمت 244 روپے فی درجن برقرار ہے، ہول سیل مارکیٹ میں انڈوں کی ایک پیٹی 7 ہزار 200 روپے مقرر کی گئی ہے۔