صدر ڈویژن میں وارداتوں میں اضافہ، لڑکی سے موبائل چھین لیا گیا
04-17-2026
(لاہور نیوز) صدر ڈویژن کے مختلف علاقوں میں سٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جس نے شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑا دی۔
حالیہ واقعہ نواب ٹاؤن کے علاقے میں پیش آیا جہاں سکوٹی چلاتی ایک لڑکی سے موٹرسائیکل سوار ڈاکوؤں نے موبائل فون چھین لیا، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظرِ عام پر آ گئی۔ فوٹیج کے مطابق لڑکی اپنے گھر کے سامنے سکوٹی چلا رہی تھی کہ اسی دوران دو ملزمان موٹرسائیکل پر سوار ہو کر قریب آئے اور اچانک اس سے موبائل فون چھین لیا۔ واردات کے دوران لڑکی نے مزاحمت کرتے ہوئے اپنا موبائل واپس لینے کی کوشش کی، تاہم ڈاکوؤں نے اسے دھکا دے کر سڑک پر گرا دیا اور موقع سے فرار ہو گئے۔ واقعے کے بعد شہریوں نے پولیس کی کارکردگی پر سوالات اٹھاتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ پولیس کی کارروائیاں محض مقدمہ درج کرنے تک محدود ہو کر رہ گئی ہیں۔ متاثرہ علاقے کے مکینوں کا کہنا ہے کہ پولیس ڈاکوؤں کو گرفتار کرنے میں ناکام دکھائی دے رہی ہے، جس کے باعث جرائم پیشہ عناصر کے حوصلے بلند ہو رہے ہیں۔