ایف آئی اے کی کارروائی، ویزا فراڈ میں ملوث ملزم گرفتار
04-16-2026
(لاہور نیوز) فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی کے انسدادِ انسانی سمگلنگ سرکل نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے مائیگرنٹ سمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم ظفر حسین کو لاہور میں چھاپہ مار کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا، ملزم شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے کے نام پر بھاری رقوم وصول کرنے میں ملوث تھا۔ تحقیقات کے مطابق ملزم نے ایک شہری کو آذربائیجان کے ورک ویزے کا جھانسہ دے کر 60 لاکھ روپے ہتھیائے، تاہم وعدے کے باوجود اسے بیرون ملک بھجوانے میں ناکام رہا اور روپوش ہو گیا تھا۔ ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کافی عرصے سے مطلوب تھا، جسے اب گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے، مزید انکشافات کیلئے تحقیقات جاری ہیں، جبکہ دیگر متاثرہ افراد کی نشاندہی بھی کی جا رہی ہے۔