مون سون سیزن سے قبل دریاؤں کے حفاظتی بندوں کے سروے کا فیصلہ

04-16-2026

(ویب ڈیسک) وفاقی حکومت نے مون سون سیزن سے قبل دریاؤں کے حفاظتی بندوں کے سروےکا فیصلہ کرلیا۔

وفاقی حکومت نے ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے حفاظتی اقدامات تیز کرتے ہوئے مشترکہ سروے کی منظوری دے دی ہے۔ فیڈرل فلڈ کمیشن نے چاروں صوبوں کےمحکمہ آبپاشی کو باضابطہ مراسلہ جاری کردیا ہے، ہدایت کی گئی ہےکہ تمام صوبے حفاظتی بندوں کا مشترکہ سروے کریں اور اس دوران بندوں میں موجود نقائص کی نشاندہی کرکے فوری اصلاحی اقدامات تجویز کیے جائیں۔ فیڈرل فلڈ کمیشن نے صوبائی حکام کو ہدایت کی ہے کہ سروے کی بنیاد پر ایک جامع رپورٹ تیار کر کے کمیشن کو ارسال کی جائے تاکہ بروقت فنڈزکی فراہمی اور مرمتی کام شروع کیا جا سکے۔ مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ تمام تفصیلات اور رپورٹ پندرہ مئی تک جمع کرانا لازمی ہے تاکہ مون سون سےقبل حفاظتی اقدامات کوحتمی شکل دی جا سکے۔