لاہور میں گھریلو تشدد کا واقعہ، خاتون پر مبینہ تشدد کا مقدمہ درج

04-16-2026

(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت میں گھریلو تشدد کا ایک اور افسوسناک واقعہ سامنے آیا جہاں ایک خاتون کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

پولیس کے مطابق تھانہ ریس کورس کے علاقے میں نازیہ شہباز نامی خاتون  نے اپنے جیٹھ کرامت علی کے خلاف مقدمہ درج کروایا ہے، ایف آئی آر کے مطابق ملزم نے خاتون کے شوہر کی غیر موجودگی میں گھر آ کر انہیں تشدد کا نشانہ بنایا۔ متاثرہ خاتون  نے بیان دیا کہ ملزم کرامت علی  نے نہ صرف انہیں مارا پیٹا بلکہ شدید جسمانی تشدد بھی کیا، واقعے کے دوران خاتون کی چیخ و پکار سن کر اہل خانہ موقع پر پہنچے اور بیچ بچاؤ کروایا۔ ایف آئی آر میں بتایا گیا ہے کہ خاتون کی گردن اور جسم کے مختلف حصوں پر تشدد کے واضح نشانات موجود ہیں، جس سے واقعے کی سنگینی ظاہر ہوتی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ ملزم کی گرفتاری کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔