فضیلہ عباسی کی عبوری ضمانت میں توسیع، گرفتاری سے روک دیا گیا

04-15-2026

(ویب ڈیسک) معروف اداکار حمزہ علی عباسی کی بہن اور معروف ماہرِ امراضِ جلد ڈاکٹر فضیلہ عباسی کیخلاف منی لانڈرنگ کیس میں عبوری ضمانت میں 20 اپریل تک توسیع کر دی گئی۔

  کیس کی سماعت سپیشل جج سینٹرل ہمایوں دلاور نے کی، ایف آئی اے نے مقدمے کا چالان عدالت میں جمع کروا دیا۔سماعت کے دوران ڈاکٹر فضیلہ عباسی کی جانب سے حمزہ علی عباسی کے ساتھ جوائنٹ اکاؤنٹ دوبارہ کھولنے کی درخواست بھی دائر کی گئی۔ پراسکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمہ کی جانب سے تحریری جواب جمع کرایا گیا ہے تاہم وہ خود پیش نہیں ہوئیں، جس پر ڈاکٹر فضیلہ عباسی نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ متعدد بار عدالت میں پیش ہو چکی ہیں۔ اس موقع پر ان کے وکیل نعیم بخاری نے انہیں عدالت میں خاموش رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وکیل کی موجودگی میں عدالت سے براہِ راست گفتگو نہ کریں، انہوں نے مؤقف اپنایا کہ ضمانت کے غلط استعمال کا تاثر درست نہیں اور ہائیکورٹ بھی اس بات کی نشاندہی کر چکی ہے۔ جج ہمایوں دلاور نے ریمارکس دیے کہ ہائیکورٹ کی ہدایت کے مطابق ضمانت پر فیصلہ کرنا ہے اور ملزمہ کا شاملِ تفتیش ہونا ضروری ہے۔ بعد ازاں عدالت نے ڈاکٹر فضیلہ عباسی کی گرفتاری سے 20 اپریل تک روک دیا اور انہیں ہدایت کی کہ وہ آج ہی تفتیش میں شامل ہوں، کیس کی مزید سماعت 20 اپریل تک ملتوی کر دی گئی۔ واضح رہے کہ ایف آئی اے نے ڈاکٹر فضیلہ عباسی اور حمزہ علی عباسی کا مشترکہ بینک اکاؤنٹ پہلے ہی منجمد کر رکھا ہے۔