ٹریفک جرمانوں میں کمی پنجاب اسمبلی کی منظوری سے مشروط
04-15-2026
(لاہور نیوز) ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر عائد جرمانوں میں کمی کا اطلاق پنجاب اسمبلی کی منظوری سے مشروط کر دیا گیا۔
وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر عائد جرمانوں میں کمی کی سمری کی منظوری دے دی، جس کے بعد مختلف گاڑیوں کے چالان میں نمایاں کمی کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق موٹر سائیکل کا جرمانہ 2 ہزار روپے سے کم کرکے 1 ہزار روپے کر دیا گیا ہے، جبکہ رکشے کا چالان 3 ہزار سے کم ہو کر 1 ہزار روپے مقرر کیا گیا ہے۔ اسی طرح کاروں کے جرمانے میں بھی کمی کی گئی ہے، جہاں پہلے 5 ہزار روپے جرمانہ عائد ہوتا تھا، اب اسے کم کرکے 3 ہزار روپے کر دیا گیا ہے، یہ اطلاق 2000 سی سی اور دیگر لگژری گاڑیوں پر بھی ہو گا۔ حکام کے مطابق ہیوی ڈیوٹی گاڑیوں کے جرمانوں میں بھی کمی کی گئی ہے، تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ان ترامیم کا باضابطہ اطلاق پنجاب اسمبلی سے منظوری کے بعد کیا جائے گا، جس کے بعد نئے جرمانے نافذ العمل ہوں گے۔