طلبہ کی ای-مارکنگ کا کامیاب تجربہ، نتائج 30 دن میں تیار کئے گئے
04-15-2026
(ویب ڈیسک) پاکستان میں پہلی بار 9 لاکھ طلبہ کے امتحانی پرچوں کی ای-مارکنگ کا کامیاب تجربہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اس جدید نظام کے ذریعے نتائج 30 دن کے اندر تیار کئے گئے، جبکہ طلبہ اب اپنے چیک شدہ پرچے متعلقہ پلیٹ فارم کی ویب سائٹ پر خود بھی دیکھ سکیں گے۔ مزید بتایا گیا ہے کہ آئندہ برسوں میں لاہور بورڈ سمیت دیگر تعلیمی اداروں کے امتحانات بھی اسی طرز پر منتقل کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ اس جدید نظام کے تحت آٹھویں جماعت کے بورڈ امتحان میں پہلی بار مصنوعی ذہانت (AI) کا استعمال کرتے ہوئے نتائج تیار کئے گئے، جس سے تیز رفتار اور زیادہ شفاف نتائج ممکن ہوئے۔ اسی حوالے سے بتایا گیا ہے کہ پی سی ٹی بی (پنجاب کریکولم اینڈ ٹیسٹ بورڈ) سے منسلک پیکٹا حکام کے مطابق اس نظام میں غلطی کا امکان نہ ہونے کے برابر ہے، کیونکہ ای-مارکنگ اور خودکار جانچ کے ذریعے انسانی غلطی کو کم کیا گیا ہے۔ مزید یہ بھی بتایا گیا ہے کہ پنجاب پبلک سروس کمیشن (PPSC) نے بھی امیدواروں کی ای-مارکنگ کیلئے اسی ٹیکنالوجی کے استعمال میں دلچسپی ظاہر کی ہے اور متعلقہ خدمات حاصل کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔