پنجاب میں تعلیمی و ترقیاتی منصوبوں پر تیزی لانے کا فیصلہ، اے آئی سکولز کے قیام کی تیاری
04-15-2026
(لاہور نیوز) سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی زیر صدارت پنجاب کے مختلف محکموں کا طویل جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں آئندہ مالی سال کے لیے اہم ترقیاتی اور تعلیمی سکیموں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں محکمہ تعلیم، ہائیر ایجوکیشن، لٹریسی، اسکلز ڈویلپمنٹ اور صنعت و تجارت سے متعلق منصوبوں پرغور کیا گیا۔ اجلاس میں رانا سکندر حیات، چودھری شافع حسین اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ مریم نواز کی ہدایات کے مطابق تمام ترقیاتی منصوبے مقررہ وقت پر مکمل کیے جائیں۔ وزیر تعلیم اور محکمہ ایجوکیشن کے افسران نے بجٹ کی تفصیلات اور اس کے استعمال پر جامع بریفنگ دی۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ کیڈٹ کالج ملتان کا منصوبہ 35 فیصد مکمل ہو چکا ہے، جس کے لیے 200 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ ورلڈ بینک کے تعاون سے جاری "کوالٹی آف ایجوکیشن" اور "آفٹرنون سکولز پروگرام" کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں لاہور کے ایبٹ روڈ پر سپیشل سکاوٹس کے لیے 51 ملین روپے کی لاگت سے ہاسٹل کی تعمیر اور شاہدرہ ٹاؤن میں آڈیٹوریم کی جلد تکمیل کی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔ اس کے علاوہ آئندہ مالی سال کے لیے 37 تعلیمی اسکیموں کا جائزہ لیا گیا جبکہ 7 اہم سکیموں کے لیے فنڈز کی منظوری پر بھی غور کیا گیا۔ اجلاس میں لڑکوں اور لڑکیوں کے لیے جدید "سٹیٹ آف دی آرٹ" اے آئی سکولز کے قیام کا منصوبہ بھی زیر بحث آیا۔ اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ تعلیمی معیار کو بہتر بنانے اور ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔