پنجاب ریونیو اتھارٹی کی شاندار کارکردگی، 9 ماہ میں 250 ارب سے زائد محصولات جمع

04-15-2026

(لاہور نیوز) پنجاب ریونیو اتھارٹی نے رواں مالی سال کی پہلی تین سہ ماہیوں میں ریکارڈ محصولات اکٹھے کر لیے ہیں۔

ذرائع کے مطابق اتھارٹی نے مالی سال کے ابتدائی 9 ماہ میں 250 ارب روپے سے زائد ٹیکس ریونیو جمع کیا، جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ہے۔ گزشتہ مالی سال 2024-25 کے پہلے 9 ماہ میں 181 ارب روپے اکٹھے کیے گئے تھے، اس طرح رواں سال اب تک تقریباً 70 ارب روپے زائد محصولات حاصل کیے جا چکے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق مارچ 2026 میں پنجاب ریونیو اتھارٹی نے 30 ارب روپے سے زائد ٹیکس وصول کیا، جبکہ گزشتہ سال مارچ میں یہ رقم 22.4 ارب روپے تھی، یوں سالانہ بنیاد پر 33 فیصد گروتھ ریکارڈ کی گئی۔ چیئرمین معظم اقبال سپرا نے محصولات کے سالانہ اہداف کے حصول کے لیے ٹیموں کو مزید متحرک کر دیا ہے اور کارکردگی میں بہتری کے لیے اقدامات تیز کر دیے گئے ہیں۔