پنجاب کے چڑیا گھروں میں ہاتھیوں کی عدم موجودگی، درآمد کی اجازت نہ مل سکی

04-14-2026

(لاہور نیوز) پنجاب کے 8 چڑیا گھروں میں اس وقت ایک بھی ہاتھی موجود نہیں ہے، جس کی تصدیق ڈپٹی چیف وائلڈ لائف رینجر خواجہ جنید نے کی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ہاتھیوں کی درآمد کیلئے پاکستان کی جانب سے کیس پیش کیا گیا تھا، تاہم منظوری نہ ملنے کے باعث یہ کوشش ناکام ہو گئی، اس حوالے سے فیصلہ جنیوا میں ہونے والے اجلاس میں کیا گیا، جہاں پاکستان کی درخواست مسترد کر دی گئی۔ خواجہ جنید کے مطابق سائٹیز قوانین ہاتھیوں کی درآمد میں بڑی رکاوٹ ہیں کیونکہ ہاتھیوں کی عالمی سطح پر تجارت سخت ضوابط کے تحت ہوتی ہے۔ انہوں  نے مزید بتایا کہ لاہور سفاری چڑیا گھر میں جدید سہولیات موجود ہونے کے باوجود ہاتھی نہیں لائے جا سکے، بین الاقوامی ماہرین نے چڑیا گھروں کی سہولیات کو تسلی بخش قرار دیا، تاہم اس کے باوجود اجازت نہ مل سکی۔ منظوری نہ ملنے کے باعث پنجاب کے تمام چڑیا گھر ہاتھیوں سے محروم ہیں اور فی الحال ان کی آمد کا کوئی امکان نظر نہیں آتا۔