لاہورہائیکورٹ کا فائر سیفٹی کیس جلد نمٹانے کا فیصلہ،فریقین کو دلائل کی تیاری کی ہدایت
04-14-2026
(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ میں عمارتوں میں آگ لگنے کے واقعات کی روک تھام سے متعلق دائر درخواست پر سماعت ہوئی، جس کی سربراہی چیف جسٹس عالیہ نیلم نے کی۔
سماعت کے دوران عدالت نے پی ڈی ایم اے سمیت دیگر متعلقہ اداروں کو اپنے جوابات جمع کروانے کی ہدایت کی، جبکہ ریسکیو حکام سمیت بعض فریقین پہلے ہی عدالت میں جواب جمع کرا چکے ہیں۔ درخواست گزار کے وکیل اظہر صدیق نے مؤقف اختیار کیا کہ آگ لگنے جیسے ہنگامی حالات میں اداروں کے درمیان مؤثر تعاون کا فقدان ہے اور فائر سیفٹی قوانین پر عملدرآمد نہ ہونے کی وجہ سے ایسے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ اس کیس کو جلد نمٹانا ضروری ہے، لہٰذا وکیل درخواست گزار فریقین کے جوابات کا جائزہ لے کر مکمل دلائل کی تیاری کریں۔ عدالت نے یقین دہانی کرائی کہ فائر سیفٹی کے مؤثر اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا۔ بعد ازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت 30 اپریل تک ملتوی کر دی۔