شاداب خان پہلی بار گلوبل سپر لیگ 2026 کیلئے منتخب
04-14-2026
(ویب ڈیسک) پاکستان کے سٹارآل راؤنڈر شاداب خان کو گلوبل سپر لیگ 2026 کے لیے فرنچائز ڈیزرٹ وائپرز نے اپنی ٹیم میں شامل کر لیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گلوبل سپر لیگ 23 جولائی سے یکم اگست تک گیانا کے پروویڈنس سٹیڈیم میں کھیلی جائے گی۔ جہاں دنیا بھر کے کھلاڑی ایکشن میں نظر آئیں گے۔ ڈیزرٹ وائپرز کے سکواڈ میں شاداب خان کے علاوہ نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل، ویسٹ انڈیز کے کائل میئرز اور امریکا کے اینڈریز گوس جیسے نمایاں کھلاڑی شامل ہیں۔ جبکہ ٹیم کی قیادت کرس گرین کریں گے۔ یہ شاداب خان کی گلوبل سپرلیگ میں پہلی شرکت ہوگی۔ تاہم وہ دنیا بھرکی مختلف ٹی 20 لیگز میں کھیلنے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ جس سے ٹیم کو تقویت ملنے کی توقع ہے۔ 27 سالہ شاداب خان بیٹنگ اور باؤلنگ دونوں شعبوں میں مہارت رکھتے ہیں اور ماہرین کے مطابق ان کی شمولیت سے ڈیزرٹ وائپرز ایک مضبوط اور متوازن ٹیم کے طورپرابھرسکتی ہے۔