غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا جن بے قابو، شارٹ فال 1000 میگاواٹ تک پہنچ گیا

04-14-2026

(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور میں ایک بار پھر غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے سر اٹھا لیا۔

لیسکو ریجن کے مختلف علاقوں میں بجلی کی بندش کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے اور متعدد مقامات پر روزانہ 2 سے 3 گھنٹے تک بجلی غائب رہنے لگی ہے۔ ذرائع کے مطابق شہر میں خصوصاً شام اور رات کے اوقات میں لوڈشیڈنگ میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جبکہ دن کے وقت سولر سسٹمز کے باعث کسی حد تک بجلی کی طلب پوری ہو رہی ہے، تاہم مجموعی صورتحال اب بھی تشویشناک ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق لیسکو کو اس وقت تقریباً 2000 میگاواٹ بجلی فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ طلب 2990 میگاواٹ تک پہنچ چکی ہے، جس کے باعث شارٹ فال تقریباً 1000 میگاواٹ ہو گیا ہے۔ شہری علاقوں میں 2 سے 3 گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں 4 سے 5 گھنٹے تک بجلی کی بندش رپورٹ کی گئی ہے، فضائیہ ہاؤسنگ، اڈا پلاٹ، جوہر ٹاؤن، اقبال ٹاؤن، گلشن راوی، سمن آباد، ہربنس پورہ اور کوٹ خواجہ سعید سمیت کئی علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ بجلی کی غیر اعلانیہ بندش سے شہری شدید پریشانی کا شکار ہیں اور متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔