عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے جو اقدامات لئے ہیں وہ جاری رہیں گے: وزیر اعظم

04-13-2026

(لاہور نیوز) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے جو اقدامات لئے ہیں وہ جاری رہیں گے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت خطے میں کشیدگی کے پیش نظر ملک میں پٹرولیم مصنوعات کے ذخائر کے حوالے سے جائزہ  اجلاس ہوا۔  وزیراعظم کی جانب سے ملک میں تیل کی کھپت کی مستقل نگرانی جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی، شہباز شریف نے کہا کہ تیل کی کھپت اور ذخائر کی مستقل نگرانی اور بہتر حکمت عملی کی وجہ سے خطے میں کشیدگی کے باوجود تیل کی کمی کا  بحران پیدا نہیں ہوا۔ اجلاس میں وزیراعظم کو ملک میں تیل کے موجودہ  ذخائر اور مستقبل کی ضروریات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، بتایا گیا کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی مناسب مقدار موجود ہے، مگر  بچت کے لیے کفایت شعاری کو برقرار رکھنا ضروری ہے، مستقبل کی ضروریات کے پیش نظر تیل کی درآمد کا انتظام کیا جا چکا ہے۔  اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ، وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔