پنجاب بھر میں غیر قانونی اور ناقص پلاسٹک بیگز کیخلاف کارروائیاں تیز

04-13-2026

(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ کے احکامات کی روشنی میں پنجاب بھر میں غیر قانونی اور ناقص پلاسٹک بیگز کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئیں۔

ڈپٹی ڈائریکٹر علی اعجاز کی سربراہی میں محکمہ ماحولیات کی ٹیم  نے اچھرہ مارکیٹ  میں کارروائی کرتے ہوئے 75 مائیکرون سے کم موٹائی والے پلاسٹک بیگز استعمال کرنے والی 3 دکانوں کو سیل کر دیا جبکہ خلاف ورزی پر بھاری جرمانے بھی عائد کئے گئے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ قانون کے مطابق صرف 75 مائیکرون موٹائی کے پلاسٹک بیگز کے استعمال کی اجازت ہے جبکہ اس سے کم موٹائی والے شاپر بیگز کا استعمال اور فروخت مکمل طور پر ممنوع اور قابلِ سزا جرم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں ناقص کوالٹی پلاسٹک بیگز کی تیاری، سپلائی اور استعمال پر مکمل پابندی عائد ہے، اس قانون پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے تاہم خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔ محکمہ ماحولیات کے مطابق اس مہم کا مقصد ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانا اور شہریوں کو صاف اور محفوظ ماحول فراہم کرنا ہے۔