مناواں میں پولیس کی کارروائی، پلازہ میں نقب زنی کرنے والا گینگ گرفتار
04-13-2026
(لاہور نیوز) مناواں میں پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے رنگ روڈ کے قریب ایک پلازہ میں لاکھوں روپے مالیت کی نقب زنی کرنے والے گینگ کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق متاثرہ شہری علی سلمان کی درخواست پر نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا، جس کے بعد لاہور پولیس نے فوری کارروائی کا آغاز کیا، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور کی جانب سے ایس پی کینٹ کو ملزمان کی جلد گرفتاری کیلئے خصوصی ٹاسک دیا گیا تھا۔ ایس پی کینٹ اختر نواز کی ہدایت پر خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں، جبکہ ایس ایچ او مناواں زوالقرنین نے پولیس ٹیم کے ہمراہ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے صرف چار روز میں 3 رکنی گینگ کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان میں اطہر، صفدر اور شبیر شامل ہیں، پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے لیپ ٹاپ، ایل سی ڈی، موبائل فونز، پرنٹر، ڈی وی آر سسٹم، بیٹریاں، انورٹر، کیمرے اور غیر قانونی اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش کیلئے کیس انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔