مذاکرات کے نتائج سے عالمی امن کو فروغ ملنے کی امید ہے: مریم اورنگزیب
04-12-2026
(لاہور نیوز) سینئر وزیر پنجاب اور رہنما مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ مذاکرات کے نتائج سے خطے میں استحکام اور عالمی امن کو فروغ ملنے کی امید ہے۔
اسلام آباد مذاکرات پر لیگی رہنما مریم اورنگزیب نے ردعمل دیتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا شکریہ ادا کیا اور مذاکرات کو تاریخ کا اہم اور فیصلہ کن لمحہ قرار دے دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ثابت کیا کہ سفارت کاری ایک مسلسل عمل ہے، محض ایک ایونٹ نہیں، مذاکرات کے نتائج سے خطے میں استحکام اور عالمی امن کو فروغ ملنے کی امید ہے، قومی سطح پر فخر کا لمحہ، پاکستان کی سنجیدگی، استقامت اور وقار کا مظاہرہ کیا گیا، پاکستان نے عالمی سطح پر اپنی ساکھ اور اعتماد کو مزید مضبوط کیا۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل قابل اور دور اندیش قیادت کے ہاتھوں میں محفوظ ہونے کا واضح پیغام ہے، گزشتہ چار روز میں عالمی مہمانوں کیلئے اعلیٰ معیار کے انتظامات کی مثال قائم کی گئی، پاکستان کی مہمان نوازی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا عالمی سطح پر اعتراف کیا گیا۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پاکستان نے خود کو غیر جانبدار اور قابلِ اعتماد امن مذاکرات کار کے طور پر منوایا، سفارتکاری کا عروج عالمی معیار کی میزبانی کا بھرپور مظہر ہے۔ پاکستان ہمیشہ زندہ باد۔