کفایت شعاری پالیسی کی خلاف ورزی پر 35 دکانیں سیل، جرمانہ عائد

04-12-2026

(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت میں کفایت شعاری پالیسی پرعملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ متحرک ہوگئی ہے،ڈپٹی کمشنر لاہور کی ہدایت پراسسٹنٹ کمشنر صدر، کینٹ اور شالیمار نے اپنے اپنے علاقوں میں بھرپور کارروائیاں کیں۔

اسسٹنٹ کمشنرز نے فیلڈ آپریشنز کے دوران خود ٹیموں کی قیادت کی اورمختلف علاقوں میں چیکنگ کی۔ جن علاقوں میں کارروائیاں کی گئیں ان میں صدر بازار، ایچ بلاک مارکیٹ، پیراگون سٹی، بیدیاں روڈ، دھرم پورہ، باغبانپورہ، نبی پورہ لال پل، داروغہ والا، ہربنس پورہ اور سنگھ پورہ بازار شامل ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق تحصیل صدر، کینٹ اور شالیمار میں 1800 سے زائد انسپکشنز کی گئیں۔ خلاف ورزیوں پر 35 دکانوں کو سیل کیا گیا جبکہ 75 ہزار روپے کے جرمانے بھی عائد کیے گئے۔ تحصیل شالیمار میں دو افراد کو گرفتار بھی کیا گیا۔ تحصیل صدر میں بیدیاں اور برکی روڈ پر رات گئے مانیٹرنگ جاری رہی، جبکہ صدر بازار میں وارننگ کے بعد مکمل بندش دیکھنے میں آئی۔ ڈپٹی کمشنر لاہور نے ہدایت کی ہے کہ کفایت شعاری کے مقررہ اوقات پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شادی ہالز اور ریسٹورنٹس میں ڈائن ان سروس کی بندش کو بھی یقینی بنایا جائے اور مارکیٹوں و تقریبات کے اوقات کار پر مکمل عملدرآمد کرایا جائے۔