پنجاب بھر میں گرجا گھروں کی سکیورٹی ہائی الرٹ، اضافی نفری اور سنائپرز تعینات

04-12-2026

(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب بھر میں مسیحی عباداتی دعائیہ پروگرامز کے موقع پر سکیورٹی انتہائی سخت کر دی گئی ہے۔

آئی جی پنجاب عبدالکریم نے تمام آر پی اوز، ڈی پی اوز اور سینئر پولیس افسران کو گرجا گھروں کی سکیورٹی مزید مؤثر بنانے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ آئی جی پنجاب کے مطابق حساس گرجا گھروں پر اضافی پولیس نفری کے ساتھ سنائپرز بھی تعینات کیے جائیں گے، جبکہ ڈولفن سکواڈ، پی آر یو اور ایلیٹ فورس کو گرجا گھروں کے اطراف مسلسل پٹرولنگ کی ہدایت کی گئی ہے۔ انہوں نے سپروائزری افسران کو خود سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کا بھی حکم دیا۔ پنجاب پولیس کو ہدایت کی گئی ہے کہ گرجا گھروں، مسیحی آبادیوں اور دیگر حساس مقامات کے گرد سرچ اینڈ سویپ آپریشنز جاری رکھے جائیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی پر فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔ آئی جی پنجاب نے تعینات افسران و اہلکاروں کو ہائی الرٹ رہنے اور شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھنے کی تاکید کرتے ہوئے علما کرام، مسیحی برادری اور امن کمیٹیوں کے ارکان سے بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ میں کردار ادا کرنے کی اپیل بھی کی ہے۔