کفایت شعاری مہم کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس، لاکھوں روپے جرمانے عائد
04-11-2026
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی کفایت شعاری سے متعلق ہدایات پر عملدرآمد کیلئے لاہور میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے۔
اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے آپریشن کی خود قیادت کی، جبکہ اسسٹنٹ کمشنرز، پیرا اور ریونیو فیلڈ سٹاف نے مختلف علاقوں میں مشترکہ کارروائیاں کیں۔ ضلعی انتظامیہ نے ماڈل ٹاؤن، نشتر، راوی، شالیمار، سٹی، واہگہ، علامہ اقبال ٹاؤن اور رائیونڈ سمیت مختلف علاقوں میں خلاف ورزیوں کے خلاف ایکشن لیا، مساجد کے ذریعے بروقت مارکیٹ بندش کے اعلانات بھی کرائے گئے، جبکہ سپر سٹورز اور ہاؤسنگ سوسائٹیز کو رضاکارانہ تعمیل کیلئے آگاہ کیا گیا۔ اعداد و شمار کے مطابق ماڈل ٹاؤن میں 963 انسپکشنز کے دوران 44 دکانیں سیل کر کے 3 لاکھ 90 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا، نشتر میں 900 انسپکشنز کے دوران 20 خلاف ورزیوں پر سیلنگ کی گئی، جبکہ راوی میں 670 انسپکشنز کے دوران 19 دکانیں اور لاری اڈا میں 5 املاک سیل کی گئیں۔ شالیمار میں 610 انسپکشنز کے دوران 29 مراکز سیل کئے گئے اور 85 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا، جبکہ تحصیل سٹی میں 520 انسپکشنز کے دوران 43 دکانیں سربمہر کی گئیں، علامہ اقبال ٹاؤن میں 32 املاک سیل کر کے 2 لاکھ 10 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ اسی طرح واہگہ میں 423 انسپکشنز کے دوران 14 دکانیں سیل کی گئیں اور جی ٹی روڈ پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا گیا۔ ڈپٹی کمشنر لاہور نے ہدایت جاری کی کہ مارکیٹوں کی بروقت بندش پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے، سپر سٹورز اور میرج ہالز کی نگرانی مزید مؤثر بنائی جائے اور خلاف ورزی کی صورت میں فوری سیلنگ اور جرمانہ عائد کیا جائے، انہوں نے ڈائن اِن اور ون ڈش پالیسی پر بھی سختی سے عملدرآمد کی تاکید کی۔